پاک فوج ہماری ریڈ لائن، سپاہیوں کو سیاسی بحث کا نشانہ نہ بنایا جائے: بلاول بھٹو
شہدا اور پولیس جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی فوج قوم کی ریڈ لائن ہے اور ہمارے سپاہی کسی بھی قسم کی سیاسی بحث یا تنقید کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں۔
ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات جوان قوم کا فخر ہیں۔ کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی صرف سرحد کی حفاظت نہیں کر رہا، بلکہ وہ اپنا گھر، ماں باپ اور بچوں کو چھوڑ کر اپنی جان خطرے میں ڈال کر ملک و قوم کا دفاع کرتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سابقہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے بھی یہ بات واضح کر چکا ہوں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے اور افواجِ پاکستان کے جوانوں کا احترام ہر شہری پر لازم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہید فوجیوں اور پولیس کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ جو جوان اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیے قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت اور تکریم ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ہر قربانی کا احترام کیا جائے گا اور شہدا کے لواحقین کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔