گرمیوں کی تعطیلات ختم،سندھ بھر میں اسکول اور کالج کھل گئے
محکمہ تعلیم سندھ نے رواں سال موسمِ گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک مقرر کی تھیں
کراچی: سندھ بھر میں موسمِ گرما کی دو ماہ طویل تعطیلات کے اختتام پر آج سے سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔ طلبہ و طالبات کی واپسی کے ساتھ ہی تعلیمی اداروں میں ایک بار پھر رونقیں بحال ہو گئیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کی ہدایت کے مطابق یکم اگست سے ہفتہ وار تعطیل کا خاتمہ بھی کر دیا گیا ہے، جس کے بعد تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ہفتے میں چھ روز کھلے رہیں گے۔ نئے اوقاتِ کار پر بھی آج سے باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔
تعلیمی سال کے پہلے روز بیشتر سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول سے کم دیکھی گئی، جبکہ بعض نجی تعلیمی اداروں نے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 3 اگست سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسکولوں میں اساتذہ نے طلبہ کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور مختلف تعلیمی، تخلیقی اور سائنسی سرگرمیوں کے ذریعے انہیں نئے تعلیمی سیشن کے لیے پرجوش بنانے کی کوشش کی۔ بچے اسکول وینز اور والدین کے ہمراہ تعلیمی اداروں میں پہنچے، جس سے تعلیمی ماحول دوبارہ متحرک نظر آیا۔
اساتذہ نے والدین کو واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے نئے تعلیمی شیڈول، اوقاتِ کار اور دیگر ضروری ہدایات بھی فراہم کیں۔ ادھر اسکول کھلنے کے باعث صبح کے اوقات میں کراچی سمیت مختلف شہروں کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق دکھائی دی۔
یاد رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے رواں سال موسمِ گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک مقرر کی تھیں، جن کے اختتام کے بعد آج سے تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔