کراچی میں تاجر نے مزدور کو جلا کر اپنی موت کا ڈرامہ کیسے رچایا، تفصیلات بے نقاب
ملزم بھاری مالی مشکلات اور کروڑوں روپے کے قرضوں کا سامنا کر رہا تھا۔ شبہ ہے کہ وہ اپنی موت کا ڈرامہ رچا کر ملک سے فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا تھ
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں جلی ہوئی گاڑی سے ملنے والی لاش کے پراسرار کیس نے اس وقت نیا رخ اختیار کر لیا جب پولیس نے تفتیش کے بعد انکشاف کیا کہ جس شخص کو ابتدا میں مردہ سمجھا جا رہا تھا، وہ دراصل زندہ نکلا اور اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر چکا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد گاڑی سے ملنے والے موبائل فون، شناختی کارڈ، لیپ ٹاپ اور دیگر ذاتی اشیا کی بنیاد پر شبہ ظاہر کیا گیا کہ ہلاک ہونے والا شخص چاول کا تاجر ذیشان ناز ہے۔ تاہم اہل خانہ کے متضاد بیانات کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔
تفتیش کے دوران لاش کی بائیومیٹرک تصدیق کرائی گئی، جس سے معلوم ہوا کہ مقتول کی شناخت ملتان کے رہائشی قربان حسین کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے نادرا ریکارڈ کے ذریعے اہل خانہ سے رابطہ کیا، جنہوں نے لاش کی شناخت کی تصدیق کر دی۔
تحقیقات کے مطابق قربان حسین محنت کش تھے اور روزانہ مزدوری کر کے اپنے اہل خانہ کا گزارا کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان ناز اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر انہیں جھانسہ دے کر اپنے ساتھ بلایا، نئے کپڑے پہنائے اور بعد ازاں زہریلی گولیاں دینے کے بعد قتل کر دیا۔ بعد میں لاش کو گاڑی میں رکھ کر آگ لگا دی گئی تاکہ واقعے کو حادثہ یا خودکشی ظاہر کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق آگ لگانے کے دوران مرکزی ملزم ذیشان ناز خود بھی جھلس گیا اور علاج کی غرض سے آغا خان اسپتال پہنچا، جہاں اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری میں اس کے ملازم سے حاصل ہونے والی معلومات نے اہم کردار ادا کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم بھاری مالی مشکلات اور کروڑوں روپے کے قرضوں کا سامنا کر رہا تھا۔ شبہ ہے کہ وہ اپنی موت کا ڈرامہ رچا کر ملک سے فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اس کے قبضے سے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت گاڑی میں پٹرول اور گیس سلینڈر کا استعمال کیا تاکہ واقعے کو حادثہ ثابت کیا جا سکے، تاہم پولیس کی بروقت اور سائنسی تحقیقات سے حقیقت سامنے آ گئی۔
پولیس نے مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی کے خلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مقتول قربان حسین کے اہل خانہ انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔