کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی:محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آج دوپہر یا شام کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں اس وقت سمندری ہوائیں تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس کی کیفیت بھی محسوس کی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ممکنہ بارش اور گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔