جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے عدالتی تعطیلات میں ریکارڈ مقدمات نمٹا دیے

10 فروری 2025 سے 31 جولائی 2026 تک لاہور ہائیکورٹ میں مجموعی طور پر 11 ہزار 550 مقدمات نمٹائے۔

August 1, 2026 · قومی

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر عدالتی تعطیلات کے دوران سب سے زیادہ مقدمات نمٹانے والے جج بن گئے۔ انہوں نے صرف پانچ روز کے دوران 381 مقدمات کے فیصلے کیے۔

رپورٹ کے مطابق جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے 10 فروری 2025 سے 31 جولائی 2026 تک لاہور ہائیکورٹ میں مجموعی طور پر 11 ہزار 550 مقدمات نمٹائے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے 5 ہزار 496 مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ ڈویژن بینچز کے ذریعے 2 ہزار 269 کیسز نمٹائے گئے۔

راولپنڈی بینچ میں انہوں نے مجموعی طور پر 756 مقدمات نمٹائے، جن میں سنگل بینچ کے ذریعے 524 جبکہ ڈویژن بینچ کے ذریعے 232 کیسز شامل ہیں۔ اسی طرح ملتان بینچ میں ایک ہزار 820 مقدمات کے فیصلے کیے گئے، جبکہ بہاولپور بینچ میں ایک ہزار 209 کیسز نمٹائے گئے۔

عدالتی تعطیلات کے دوران 27 سے 31 جولائی تک لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر مجموعی طور پر 425 مقدمات نمٹائے گئے، جن میں جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر نے 381 کیسز کے فیصلے کیے جبکہ ڈویژن بینچ نے 44 مقدمات نمٹائے۔

ان مقدمات میں حبس بے جا کی درخواستیں، ضمانت کے معاملات، ایف آئی آر کے اخراج، مقدمات کے اندراج، پولیس ہراسانی اور دیگر قانونی معاملات شامل تھے۔

وکلا تنظیموں نے جسٹس سردار علی اکبر ڈوگر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے عدالتی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا قابلِ تحسین اقدام ہے۔