آزادکشمیر انتخابات،کالعدم ایکشن کمیٹی کے کور ممبر کی عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل

مظفرآباد ڈویژن کے عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں اور انتخابی عمل میں فعال کردار ادا کریں۔

August 1, 2026 · قومی

مظفرآباد: کالعدم ایکشن کمیٹی کے کور ممبر راجہ سعید امجد نے مظفرآباد ڈویژن کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 2 اگست کو ہونے والی پولنگ میں بھرپور شرکت کریں اور جمہوری عمل کا حصہ بنیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں راجہ سعید امجد نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن کے عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں اور انتخابی عمل میں فعال کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح میرپور ڈویژن کے عوام نے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں حصہ لیا، اسی طرح مظفرآباد ڈویژن کے شہری بھی ووٹ ڈال کر اپنے نمائندے منتخب کریں۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں مقیم مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے جائیں گے۔

انتخابی حکام کے مطابق پولنگ کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ پہلے مرحلے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کو جمہوری عمل میں عوامی دلچسپی قرار دیا گیا ہے۔