راول ڈیم کےکھولے گئے سپل ویز ساڑھے پانچ گھنٹے بعد بند
سپل ویز صبح 6 بجے اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کی نگرانی میں کھولے گئے تھے تاکہ اضافی پانی کا اخراج کیا جا سکے
اسلام آباد: راول ڈیم میں پانی کی سطح مقررہ حد تک پہنچنے پر کھولے گئے سپل ویز تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے بعد بند کر دیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سپل ویز صبح 6 بجے اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کی نگرانی میں کھولے گئے تھے تاکہ اضافی پانی کا اخراج کیا جا سکے۔ پانی کی سطح 1747 فٹ کی مقررہ حد تک آنے کے بعد سپل ویز دوبارہ بند کر دیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سپل ویز کھولنے سے قبل تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے اور متعلقہ اداروں کو پہلے ہی الرٹ کر دیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق سپل ویز کھلے ہونے کے دوران نالے میں نہانے والے ایک شخص کو حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔
اس موقع پر ریسکیو 1122، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موجود رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔