پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس، 6 مبینہ سہولت کار گرفتار

حملہ آور گلبرگ تک گاڑی میں آئے، جبکہ بعد ازاں کلینک تک موٹرسائیکلوں پر پہنچے۔ملزمان نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ نصب کی تھی

August 1, 2026 · قومی

لاہور: غالب مارکیٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد پر مرکزی ملزمان کو سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ حملہ آوروں کو لانے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی گجرانوالہ سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ نصب کی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور گلبرگ تک گاڑی میں آئے، جبکہ بعد ازاں کلینک تک موٹرسائیکلوں پر پہنچے۔

پولیس کے مطابق قتل کی واردات میں ملوث مرکزی ملزمان تاحال مفرور ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد کی روشنی میں مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔