سیاست میں تلخی نہیں، شائستگی ہونی چاہیے:نواز شریف

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی امور اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

August 1, 2026 · قومی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت ملک کے لیے بہترین نظام حکومت ہے اور حکمرانی کا حق صرف عوام کو حاصل ہونا چاہیے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں جاتی امرا میں نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔

بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی امور اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران آزاد کشمیر کی صورتحال، آئندہ انتخابات اور مختلف سیاسی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ سیاست میں برداشت، شائستگی اور باہمی احترام کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف رائے جمہوریت کا حصہ ہے، تاہم اختلافات کو ذاتی دشمنی یا انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ جمہوری نظام ہی عوامی نمائندگی کی حقیقی ضمانت فراہم کرتا ہے اور اقتدار کا سرچشمہ صرف عوام کی رائے ہونی چاہیے۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے تحفظات کو سنجیدگی سے سنتی ہے اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کو ترجیح دیتی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی ادارے قومی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے رہے ہیں۔