پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا تاریخی معاہدہ
قریب میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور میری ٹائم شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے ملک میں جدید “ویسل مانیٹرنگ سسٹم” کے نفاذ کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جسے پاکستان کے بحری تحفظ اور سمندری نگرانی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے کراچی میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکریٹری دفاع نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور میری ٹائم شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
حکام کے مطابق ویسل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے سمندر میں موجود کشتیوں اور ماہی گیری کے جہازوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، جس سے بحری سلامتی، ماہی گیروں کے تحفظ اور سمندری سرگرمیوں کی بہتر نگرانی میں مدد ملے گی۔
منصوبے کا مقصد سمندری وسائل کے پائیدار استعمال، میری ٹائم شعبے میں آگاہی کے فروغ اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بحری نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ یہ اقدام ملک کی اندرونی اور بیرونی بحری سلامتی کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔