براڈ پیک پر لاپتہ پاکستانی کوہ پیما کی والدہ خود گاڑی چلا کر سکردو پہنچ گئیں

اسکردو پہنچ کر وہ ریسکیو سرگرمیوں اور اپنے بیٹے کی تلاش کے بارے میں معلومات حاصل کرتی رہیں۔

August 2, 2026 · قومی

سکردو: براڈ پیک پر پیش آنے والے حادثے کے بعد لاپتہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کے اہلخانہ شدید کرب میں مبتلا ہیں، جبکہ ان کی والدہ اپنے بیٹے کی خبر لینے کے لیے خود گاڑی چلا کر سکردو پہنچ گئیں۔

اہلخانہ کے مطابق جب سہیل سخی کے حادثے کی اطلاع ان کی والدہ روبینہ شاہین تک پہنچی تو وہ کسی کا انتظار کیے بغیر اکیلے گاڑی چلا کر سکردو روانہ ہو گئیں، جہاں پہنچ کر وہ ریسکیو سرگرمیوں اور اپنے بیٹے کی تلاش کے بارے میں معلومات حاصل کرتی رہیں۔

سہیل سخی کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ اب بھی کسی معجزے کی امید رکھتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے کے بارے میں جلد کوئی خبر سامنے آئے۔

براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے حادثے میں متعدد کوہ پیما متاثر ہوئے، جبکہ حکام اور امدادی ٹیمیں لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ دشوار گزار راستوں اور خطرناک موسم کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سہیل سخی کا تعلق ہنزہ سے ہے اور وہ پاکستان کے معروف ہائی آلٹیٹیوڈ کوہ پیماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے دنیا کی کئی بلند چوٹیوں کو سر کیا اور کوہ پیمائی کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

اہلخانہ اور ساتھی کوہ پیما سہیل سخی کی بحفاظت واپسی کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔