دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب
دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح نارمل ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کالاباغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 72 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ کے مقام پر 2 لاکھ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیرآباد کے مقام پر نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 3 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی جپہ نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے منسلک نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔
ادارے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔