پاک فوج کا عوامی خدمت کا اقدام،راولاکوٹ میں فری میڈیکل کیمپ قائم

کیمپس کے دوران طبی عملے نے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا

August 2, 2026 · قومی

راولاکوٹ: پاک فوج کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت راولاکوٹ میں شہریوں کے لیے مفت موبائل میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔

پاک فوج نے راولاکوٹ کے منیر چوک اور 15 چوک پر دو فری میڈیکل کیمپس قائم کیے، جہاں شہریوں کو ان کی دہلیز پر مفت طبی معائنہ اور ادویات کی سہولت فراہم کی گئی۔

کیمپس کے دوران طبی عملے نے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا، جبکہ ہزاروں مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

مقامی شہریوں نے مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کو فوری اور معیاری علاج کی سہولت میسر آتی ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور دیگر ادارے مشکل حالات میں عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔