نئے صوبوں کا قیام ضروری، محسن نقوی کی رائے قابلِ توجہ ہے:بیرسٹر سیف
موجودہ صوبائی نظام عوامی مسائل کے مؤثر حل میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکا،
سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک میں مزید انتظامی صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے اور محسن نقوی کی نئے صوبوں سے متعلق رائے قابلِ توجہ ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ موجودہ صوبائی نظام عوامی مسائل کے مؤثر حل میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکا، اس لیے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف تجاویز پیش کرنا کافی نہیں بلکہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کا دائرہ اس وقت محدود حلقوں تک ہے، جسے عوامی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ملک کے انتظامی نظام میں بنیادی اصلاحات وقت کا تقاضا ہیں، جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مضبوط بلدیاتی نظام کو بھی عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی حقیقی منتقلی سے ہی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔