ایران جانے کی کوشش کرنے والے 14 افغان باشندوں کی لاشیں برآمد

متاثرہ افراد ایک گاڑی کے ذریعے غیر قانونی راستے سے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے،

August 2, 2026 · قومی

افغانستان کے صوبہ نیمروز کے صحرائی علاقے سے ایران جانے کی کوشش کرنے والے 14 افغان باشندوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ افراد کئی ہفتوں سے لاپتا تھے اور شدید گرمی، پیاس اور سخت صحرائی حالات کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ افراد ایک گاڑی کے ذریعے غیر قانونی راستے سے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم راستے میں گاڑی خراب ہونے کے بعد انہوں نے پیدل سفر شروع کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق تلاش کا عمل اس وقت شروع ہوا جب گاڑی کا ڈرائیور شدید پیاس اور تھکن کی حالت میں ایک قریبی آبادی تک پہنچا اور مدد طلب کی۔ ابتدائی تلاش کے دوران چند لاشیں ملیں، جس کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کا دائرہ مزید بڑھایا گیا۔

حکام کے مطابق بعد ازاں صحرائی علاقے سے مزید لاشیں برآمد کی گئیں، جو شدید گرمی اور دشوار گزار حالات کا شکار ہوئیں۔ صوبہ نیمروز افغانستان کے گرم ترین اور خشک ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں موسم گرما میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق صحرائی حالات کے باعث لاشیں بری طرح متاثر ہو چکی تھیں۔ افغان حکام نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ روزگار اور بہتر معاشی مواقع کی تلاش میں بڑی تعداد میں افغان شہری غیر قانونی راستوں سے ایران جانے کی کوشش کرتے ہیں، جہاں خطرناک صحرائی راستوں اور سخت موسمی حالات کے باعث متعدد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔