ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی پھیلاؤ کا معاملہ،37 افراد کو شوکاز نوٹس
14 روز کے اندر تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر قواعد و ضوابط کے مطابق یکطرفہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔
کراچی: سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے زیر انتظام ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی پھیلاؤ کے معاملے پر 37 افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔
سیسی حکام کے مطابق یہ کارروائی جامع انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی، جس میں سابق اور موجودہ افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کو شامل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نوٹس حاصل کرنے والوں میں اسٹاف نرسز، نرس ایڈز، لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل افسران، کنسلٹنٹس، آڈٹ افسران اور سابق انتظامی عہدیدار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر متعلقہ ملازمین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
حتمی شوکاز نوٹس میں مبینہ غفلت، فرائض میں کوتاہی اور مؤثر نگرانی نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو کے مطابق تمام متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
نوٹس یافتگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 روز کے اندر تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر قواعد و ضوابط کے مطابق یکطرفہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔