چوہدری لطیف اکبر پر حملہ، وزیراعظم آزاد کشمیر نے رپورٹ طلب کر لی

واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

August 2, 2026 · قومی

 مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدر آزاد کشمیر پر حملہ ایک سنگین واقعہ ہے، جس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہییں اور ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔

نیئر بخاری نے مطالبہ کیا کہ انتخابی عمل کے دوران ووٹرز کو بلاخوف اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور الیکشن کمیشن انتخابی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائے۔

خبر لکھے جانے تک واقعے سے متعلق دیگر فریقین یا متعلقہ اداروں کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔