لطیف اکبر پر قاتلانہ حملہ، قمر زمان کائرہ کی مظفرآباد میں ہنگامی پریس کانفرنس

پارٹی نے واقعے پر الیکشن کمیشن میں ہنگامی شکایت جمع کراتے ہوئے ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

August 2, 2026 · قومی

مظفرآباد( اُمت نیوز) آزاد جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران قائم مقام صدر آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے،

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چوہدری لطیف اکبر اپنے انتخابی حلقے کے دورے پر موجود تھے کہ اس دوران ان پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں وہاں سے واپس جانا پڑا۔ ا ۔

پارٹی نے واقعے پر الیکشن کمیشن میں ہنگامی شکایت جمع کراتے ہوئے ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائم مقام صدر پر حملہ اور بعد ازاں ان کے حلقے میں ایک کارکن کی ہلاکت انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور تشدد پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

یہ واقعہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران پیش آیا، جہاں مظفرآباد ڈویژن کی نشستوں پر پولنگ جاری رہی۔

خبر کی اشاعت تک متعلقہ سرکاری اداروں یا دیگر فریقین کی جانب سے ان الزامات پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تھا، جبکہ واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔