تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بارشوں سے حادثات،7 افراد جاں بحق،2 زخمی
متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
تھرپارکر: سندھ کے اضلاع تھرپارکر اور عمرکوٹ میں حالیہ بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ اسی ضلع میں ایک شخص پانی میں ڈوب گیا، جبکہ دو افراد بارش کے باعث بننے والے گڑھوں میں گرنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ادھر ضلع عمرکوٹ میں بھی بارشوں کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، جبکہ مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور کھلے گڑھوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔