ہم جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہوگئی: مریم اورنگزیب

ہاتھا پائی کے دوران ایک بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا، پیپلزپارٹی نے اسے فائرنگ کا واقعہ قرار دینے کی کوشش کی۔

August 2, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم آزادکشمیر میں جیت رہے ہیں تو کہا جا رہا ہے دھاندلی ہو گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم نے انہیں مبارکباد دی تھی، لیکن آج آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر بلاجواز دھاندلی کا شور مچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ہزاروں ووٹ کاسٹ ہوتے ہیں، ایسے میں ایک یا دو ووٹوں پر غلط مہر کا حوالہ دے کر پورے انتخابی عمل کو متنازع قرار دینا درست نہیں۔

سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پولنگ شروع ہونے کے فوراً بعد ہی دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کر دیے، جبکہ ساڑھے دس بجے ہی شکست کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس بھی کر دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گولی اور گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق ایک مقام پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس دوران ایک بزرگ شخص کو دل کا دورہ پڑا، تاہم پیپلزپارٹی نے اسے فائرنگ کا واقعہ قرار دے کر سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی، جبکہ کارکنوں کی جھڑپ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے۔