شرمیلا فاروقی نے آزاد کشمیر انتخابات پر سوالات اٹھا دیے

آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کے دوران خوف و ہراس کی فضا پیدا کی گئی، جس کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔

August 3, 2026 · قومی

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے آزاد کشمیر کے انتخابات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتی ہے، جبکہ مخالف سیاسی جماعت کا طریقہ کار مختلف ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کے دوران خوف و ہراس کی فضا پیدا کی گئی، جس کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔
شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ پولنگ سے قبل مختلف ترقیاتی منصوبوں اور گرین بس جیسے اعلانات انتخابی ضابطہ اخلاق کی روح کے منافی ہیں اور ایسے اقدامات انتخابی ماحول پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جماعت اس نوعیت کے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت بناتی بھی ہے تو عوام کی مؤثر خدمت کرنا اس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کے ایک کارکن کی ہلاکت کے حوالے سے متضاد معلومات سامنے آئیں، جبکہ بعض حلقوں میں جہاں پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک مضبوط تھا وہاں پولنگ عملے کی آمد میں تاخیر بھی سوالات کو جنم دیتی ہے۔
شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو ملک کے دیگر شہروں کی سیاست سے جوڑنا درست نہیں، کیونکہ وہاں کے عوام اپنے مقامی مسائل اور ترجیحات کی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کو عوامی حمایت حاصل ہے۔