میانوالی میں افسوسناک واقعہ،کار میں بند ہونے سے 4 بچے جاں بحق
واقعہ میانوالی کے علاقے کھگلانوالہ میں پیش آیا، جہاں تین بچیاں اور ایک بچہ کھیلتے ہوئے ایک پارک کی گئی کار میں داخل ہوئے
پنجاب کے ضلع میانوالی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کھیل کے دوران ایک کھڑی گاڑی میں بند ہو جانے سے چار کمسن بچوں کی جان چلی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ میانوالی کے علاقے کھگلانوالہ میں پیش آیا، جہاں تین بچیاں اور ایک بچہ کھیلتے ہوئے ایک پارک کی گئی کار میں داخل ہوئے۔ اسی دوران گاڑی کا دروازہ لاک ہو گیا، جس کے باعث بچے باہر نہ نکل سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بند گاڑی میں زیادہ دیر تک رہنے کی وجہ سے بچوں کا دم گھٹ گیا، جس سے چاروں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور متعلقہ حکام موقع پر پہنچے اور ضروری کارروائی کے بعد بچوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
اس افسوسناک سانحے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ بچوں کو کھڑی گاڑیوں کے قریب کھیلنے سے روکیں اور گاڑی چھوڑتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس میں کوئی بچہ موجود نہ ہو۔