بغیر اجازت’عینک والا جن‘کا اینیمیٹڈ ری بوٹ بنانے پر حفیظ طاہر برہم

اجازت کے بغیر ان کے تخلیق کردہ تصور کو استعمال کیا گیا، جس پر وہ قانونی کارروائی سمیت مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔

August 3, 2026 · قومی

پاکستان کے معروف بچوں کے ڈرامے ’عینک والا جن‘ کے خالق اور مصنف حفیظ طاہر نے ڈرامے کے اینیمیٹڈ ورژن پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر ان کے تخلیق کردہ تصور کو استعمال کیا گیا، جس پر وہ قانونی کارروائی سمیت مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔

حفیظ طاہر کا کہنا ہے کہ حال ہی میں متعارف کرائے گئے اینیمیٹڈ ری بوٹ کے بارے میں انہیں نہ تو پیشگی آگاہ کیا گیا اور نہ ہی اس منصوبے کے لیے ان سے اجازت لی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے تخلیق کردہ کرداروں اور کہانی کو بغیر اجازت استعمال ہوتے دیکھ کر انہیں شدید افسوس ہوا، جبکہ ان کے مطابق بعد میں اس منصوبے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد بھی لی گئی۔

مصنف نے اینیمیٹڈ ورژن کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے میں قانونی راستہ اختیار کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔

دوسری جانب حفیظ طاہر کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ متعدد صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ اداکار عمیر رانا نے بھی انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی کارروائی پر غور کریں اور معاملہ متعلقہ فورمز کے سامنے بھی اٹھائیں۔

واضح رہے کہ ’عینک والا جن‘ پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ترین بچوں کے ڈراموں میں شمار ہوتا ہے، جس نے کئی دہائیوں تک بچوں اور بڑوں دونوں میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کی اور پاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ کا ایک یادگار پروگرام سمجھا جاتا ہے۔