خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 35 نئے کیسز رپورٹ

ڈینگی کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں مانیٹرنگ اور انسدادِ مچھر مہم جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں گھروں، پانی کے ذخائر اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا گیا۔

August 3, 2026 · قومی

پشاور: محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 35 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 250 تک پہنچ گئی ہے، تاہم اب تک ڈینگی کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اعداد و شمار کے مطابق پشاور ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں رواں سال اب تک 134 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں مانیٹرنگ اور انسدادِ مچھر مہم جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں گھروں، پانی کے ذخائر اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایک ہزار 488 مقامات پر موجود ڈینگی لاروا کو تلف کیا گیا، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پانی جمع نہ ہونے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔