مظفرآباد کے ملتوی حلقوں میں 4 اگست کو دوبارہ پولنگ، عام تعطیل کا اعلان
پولنگ اسٹیشن ہا کے سیل شدہ پولنگ بیگ پریزائیڈنگ آفیسران سے بااخذ رسید ریٹرننگ آفسیر نے واپس وصول کر لیے ہیں۔
مظفرآباد (صباح نیوز) ضلع مظفرآباد کی حدود LA-27 اور LA-28 میں 4 اگست کو عام تعطیل ہوگی ۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مورخہ 4 اگست 2026 کو LA-27 مظفرآباد 1اور LA-28 مظفرآباد 2 میں قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں جس کے باعث ان حلقوں میں عام تعطیل ہوگی۔
یاد رہے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے خرابی موسم و بندش راستے بوجہ لینڈ سلائیڈنگ انتخابی عملہ اور پولنگ مٹیریل نہ پہنچے کیوجہ سے LA-27 کے جملہ انتخابات اورحلقہ ایل اے 28 مظفرآباد 2 کے پٹوار سرکل نوسیری نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں، پنجکوٹ کی حد تک پولنگ ملتوی کر دی تھی۔ اب ان پٹوار سرکل کی پولنگ 04 اگست 2026 کو مقررہ اوقات کار کے مطابق ہو گی۔
ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پٹوار سرکل نوسیری نوسدہ پولنگ اسٹیشن نمبر 55 تا 67 و پٹوار سرکل پنجگراں پولنگ سٹیشن نمبر 107 تا 118 و پٹوار سرکل دیولیاں پولنگ اسٹیشن نمبر 119 تا 130 و پٹوار سرکل پنجکوٹ پولنگ اسٹیشن نمبر 159 تا 173 کی پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرنگ آفسیر ایل اے 28 مظفرآباد 2 کی رپورٹ پر ان پٹوار سرکل کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں کی پولنگ ملتوی کی ہے۔ ان پولنگ اسٹیشنوں کی دوبارہ پولنگ 04 اگست 2026 کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہو گی۔ ان پولنگ اسٹیشن ہا کے سیل شدہ پولنگ بیگ پریزائیڈنگ آفیسران سے بااخذ رسید ریٹرننگ آفسیر نے واپس وصول کر لیے ہیں۔