سوات خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

گزشتہ روز کبل بازار میں ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 17 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 7 پولیس اہلکار اور 10 شہری شامل ہیں

August 3, 2026 · قومی

سوات: کبل بازار میں پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی، جس کے بعد تحقیقات میں مزید پیش رفت کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق فوٹیج میں دھماکے کے فوراً بعد بازار میں بھگدڑ اور افراتفری دیکھی جا سکتی ہے۔ واقعے کے وقت علاقے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس کے باعث دھماکے کے بعد شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

تحقیقاتی ادارے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی مدد سے خودکش حملہ آور کی آمد و رفت اور دیگر ممکنہ شواہد کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے لائی جا سکیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کبل بازار میں ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 17 افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 7 پولیس اہلکار اور 10 شہری شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب واقعے کا مقدمہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں دہشت گردی سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے وقت کبل چوک میں ایک احتجاجی مظاہرہ جاری تھا اور شام 6 بج کر 4 منٹ پر پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔