خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،متعدد دہشت گرد ہلاک،اسلحہ برآمد
خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔
پشاور: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت گزشتہ دو ماہ سے صوبے کے مختلف علاقوں، خصوصاً شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں کھٹی کلی کے علاقے میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کئی دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آپریشنز کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ شہری آبادی اور عام لوگوں کے جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔