مانسہرہ: جبوڑی میں کلاؤڈ برسٹ سے نالے میں طغیانی ، 2 طالبات جاں بحق، ایک بچا لی
علاقے میں سوگ ،مقا می افراد کا حفاظتی اقدامات کا مطالبہ
فائل فوٹو
مانسہرہ : جبوڑی چہلہ باغ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے شدید برساتی ریلے میں نالہ عبور کرتے ہوئے 2 طالبات جاں بحق، ایک کو برساتی نالہ سے زندہ نکال لیا گیا تفصیلات کے مطابق تحصیل بفہ پکھل کی حدود سرن ویلی جبوڑی میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے شدید برساتی ریلے نے 2 طالبات کی جان لے لی جو اسکول سے چھٹی کر کے واپس گھر جارہی تھیں۔
چہلہ باغ کی رہائشی وریدہ دختر شفیق الرحمٰن اور ثانیہ دختر عاشق جن کی عمریں تقریباً 7سے 8 سال بتائی جاتی ہیں برساتی نالہ عبور کر رہی تھیں کہ اچانک آنے والے تیز پانی کے ریلے میں بہہ گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ضروری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس افسوسناک سانحے پر اہلِ علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مون سون کے دوران خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔