ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
شہری سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔انتظامیہ
ملک بھر میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں جلوس برآمد ہو رہے ہیں، جہاں عزادار شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
چہلم کے موقع پر کراچی، لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک کے مختلف چھوٹے اور بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو رہا ہے، جبکہ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے پیش نظر متعدد سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
لاہور میں مرکزی جلوس اندرون دہلی گیٹ کی حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی جلوسوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی اور ٹریفک پلان نافذ کیا گیا ہے۔
پشاور میں چہلم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، جبکہ اسلام آباد میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہو گیا۔
دوسری جانب کوئٹہ کے بعض علاقوں میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رکھی گئی ہے، جبکہ حیدرآباد اور گردونواح کے بعض اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں سے تعاون کریں، ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔