بہاولنگر: سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، دو فرار

ہلاک ملزم کی لاش قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

August 4, 2026 · قومی

بہاولنگر کے علاقے لشکر چوک کے قریب محکمہ انسدادِ جرائم (سی سی ڈی) اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

سی سی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت امتیاز کے نام سے ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے ایک موٹر سائیکل اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔