قیامِ امن کے لیے پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، محسن نقوی

پولیس کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا

August 4, 2026 · قومی

 وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن میں امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، جرائم اور امن و امان کے چیلنجز سے نمٹنے میں پولیس فورس نے جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں ملک کے امن، استحکام اور عوام کے محفوظ مستقبل کی بنیاد ہیں، جبکہ پوری قوم ان بہادر افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

محسن نقوی نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کے خاندانوں کی عزت، فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔