پی ٹی اے کا غیرقانونی سمز کے خلاف کریک ڈاؤن،7 ماہ میں 18 لاکھ سے زائد سمز بلاک

متعدد بار آگاہی اور وارننگ کے باوجود فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز استعمال ہونے پر کارروائی کی گئی۔

August 4, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرقانونی سمز کے استعمال اور غیرملکی سمز کی غیرقانونی فروخت کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران رواں سال کے پہلے سات ماہ میں 18 لاکھ 38 ہزار 689 سمز بلاک کر دیں۔

پی ٹی اے کے مطابق جنوری سے جولائی تک 6 لاکھ 91 ہزار 102 غیرقانونی سمز بند کی گئیں، جبکہ فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 9 لاکھ 3 ہزار 230 سمز بھی بلاک کر دی گئیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ متعدد بار آگاہی اور وارننگ کے باوجود فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز استعمال ہونے پر کارروائی کی گئی۔

اس کے علاوہ منسوخ یا ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 2 لاکھ 44 ہزار 357 سمز بھی بند کر دی گئیں تاکہ موبائل نیٹ ورک کے غلط استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔

پی ٹی اے نے غیرملکی سمز کی غیرقانونی فروخت کے خلاف بھی ملک بھر میں کارروائیاں جاری رکھیں۔ حکام کے مطابق 25 چھاپوں کے دوران 8 ہزار 51 غیرملکی سمز برآمد کی گئیں، جبکہ اس سلسلے میں 37 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیرقانونی سمز کے استعمال کی روک تھام، قومی سلامتی کو مضبوط بنانے اور ٹیلی کام نظام کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔