پاکستان اور چین کے درمیان 1.3 ارب ڈالرز ری فنانسنگ پر پیش رفت

اس رقم کی آمد سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے۔

August 4, 2026 · قومی

 اسلام آباد: پاکستان نے چین سے 1.3 ارب ڈالرز کی ری فنانسنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کے لیے باضابطہ درخواست کر دی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ری فنانسنگ سے متعلق قواعد و ضوابط اور شرائط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اور تمام معاملات طے پانے کے بعد متعلقہ رقم رواں ماہ پاکستان کو موصول ہونے کا امکان ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رقم کی آمد سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی اور چینی حکام ری فنانسنگ کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مالیاتی معاملات بروقت نمٹائے جا سکیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے مجموعی طور پر 2.2 ارب ڈالرز کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی تھی، جن میں چین کے کمرشل قرض کی واپسی بھی شامل تھی۔

اس سے قبل گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا تھا کہ جولائی 2026 کے دوران بیرونی قرضوں کی مد میں 2.2 ارب ڈالرز ادا کیے گئے، جن میں چین کے کمرشل قرض سمیت دیگر واجبات بھی شامل تھے۔