آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کا بھی8 اگست سے پہیہ جام ہڑتال کااعلان
ڈیزل قیمتوں، ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز کا احتجاج
فائل فوٹو
گڈز ٹرانسپورٹرز کے بعد آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھی 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ حکومت ڈیزل کی قیمت روزانہ کی بنیاد پر تبدیل کر رہی ہے، جس کی وجہ سے کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی برداشت نہیں کر سکتے۔
عہدیداران نے کہا کہ ٹول ٹیکس 250 روپے سے بڑھا کر 750 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کسی گاڑی پر ایک کارٹن بھی غیر کسٹم شدہ ہو تو گاڑی ضبط کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر ایسا کوئی کارٹن موجود ہو تو پرانے قانون کے مطابق 20 فیصد جرمانہ عائد کر کے گاڑی چھوڑ دی جائے، تاہم اس وقت حکومت نے ایکسل لوڈ گاڑیوں کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔