کاغان میں پولیس نے گلگت جانے والے مسافروں کو روک لیا
گلگت بلتستان میں بارش کے باعث سفر کو عارضی طور پر محدود کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔پولیس کا مؤقف
کاغان: سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق کاغان اور بالاکوٹ کے درمیان واقع مہنڈری چیک پوسٹ پر خیبرپختونخوا پولیس نے گلگت بلتستان جانے والے سیکڑوں مسافروں کو کئی گھنٹوں سے روک رکھا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کا مؤقف ہے کہ گلگت بلتستان میں بارش کے باعث سفر کو عارضی طور پر محدود کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے کہ گلگت ابھی تقریباً پانچ گھنٹے کی مسافت پر ہے، انہیں موجودہ مقام پر روک کر مقامی ہوٹلوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ مسافروں کا مؤقف ہے کہ اگر آگے کہیں ضرورت پیش آئی تو وہ خود مناسب جگہ پر رک جائیں گے۔
احتجاجاً مسافروں نے دونوں اطراف کی سڑک بند کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
تاہم اس واقعے سے متعلق خیبرپختونخوا پولیس یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے دعوؤں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔