کراچی میں پانچ ہزار کے جعلی نوٹ کیسے چلائے گئے

موبائل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما نے 75 ہزار مالیت کے جعلی نوٹ کیمرے پر دیکھا دیئے

August 5, 2026 · قومی

 کراچی: شہر میں 5 ہزار روپے کے مبینہ جعلی نوٹ گردش کرنے کی اطلاعات کے بعد موبائل مارکیٹ کے ایک رہنما نے میڈیا کے سامنے 75 ہزار روپے مالیت کے مبینہ جعلی نوٹ پیش کرتے ہوئے شہریوں اور تاجروں کو محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

موبائل مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ جعل ساز مختلف طریقوں سے مارکیٹ میں جعلی کرنسی چلا رہے ہیں، جس کے باعث متعدد تاجر مالی نقصان کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کیمرے کے سامنے 5 ہزار روپے کے 15 مبینہ جعلی نوٹ دکھائے، جن کی مجموعی مالیت 75 ہزار روپے بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے مالیت کے نوٹ قبول کرتے وقت خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے، کیونکہ بظاہر یہ نوٹ اصلی کرنسی سے کافی حد تک مشابہ دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے عام شہری اور دکاندار آسانی سے دھوکا کھا سکتے ہیں۔

تاجر رہنما نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے جعلی کرنسی کے نیٹ ورک کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور تاجروں کو نوٹوں کی اصل شناخت سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔

دوسری جانب شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ 5 ہزار روپے کے نوٹ وصول کرتے وقت ان کی حفاظتی خصوصیات کا اچھی طرح جائزہ لیں اور کسی بھی مشتبہ نوٹ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ بینک یا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔