یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے اسحاق ڈار اردن پہنچ گئے

خطے کی تازہ صورتحال، یروشلم سے متعلق امور اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

August 5, 2026 · قومی

عمان: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال پر ہونے والے اہم سفارتی مشاورتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ وزارتی اجلاس اردن کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، یروشلم سے متعلق امور اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں فلسطینی علاقوں کی صورتحال، علاقائی امن اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین پر اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت جاری رکھے گا۔