کوئی طاقت کشمیریوں کی شناخت ختم نہیں کر سکتی، مشعال ملک

مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے اور انسانی حقوق سے متعلق سامنے آنے والے خدشات کا مؤثر نوٹس لیا جانا چاہیے

August 5, 2026 · قومی

اسلام آباد: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر مشعال ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک اہم اور تکلیف دہ دن ہے، تاہم کوئی طاقت کشمیریوں کی شناخت، عزم اور حقِ خودارادیت کو ختم نہیں کر سکتی۔

اپنے پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اپنے حق کے حصول تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے اور انسانی حقوق سے متعلق سامنے آنے والے خدشات کا مؤثر نوٹس لیا جانا چاہیے۔

انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اپنے ہم وطنوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی جاری رکھیں گے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر برقرار رکھی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور انصاف پر مبنی حل کے لیے آواز بلند کرنے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔