فواد چوہدری نے عمران سے ملاقات کیلئے درخواست دائر کردی،خان کو ’سمجھنا ہوگا‘

جب تک ملک کی دو بڑی روایتی سیاسی جماعتوں کی موجودہ قیادت سے آگے نہیں بڑھا جاتا، ترقی کی رفتار بہتر نہیں ہو سکے گی۔

August 5, 2026 · قومی

 اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے وسیع اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے، تاہم ان کے بقول موجودہ سیاسی قیادت کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب تک ملک کی دو بڑی روایتی سیاسی جماعتوں کی موجودہ قیادت سے آگے نہیں بڑھا جاتا، ترقی کی رفتار بہتر نہیں ہو سکے گی۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف ادوار میں متعدد بجٹ پیش کر چکے ہیں، اس لیے اب نئی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب 12 جبکہ وفاق میں 5 بجٹ پیش کیے ہیں۔

فواد چوہدری نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر ہر ممکن تعاون کیا جانا چاہیے تاکہ انتظامی نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کرنا مقصود ہے تو تمام اہم سیاسی شخصیات کو اعتماد میں لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف سے ان کی طویل سیاسی وابستگی رہی ہے اور ایک شہری کی حیثیت سے وہ ان سے بات چیت کے حامی ہیں۔

اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔ ان کے مطابق ملاقات میں نئے صوبوں سمیت دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔