مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کے مقدمے سے قتل کی دفعہ ختم

مقدمے میں شامل قتل کی دفعہ کو تبدیل کرکے قتل بالسبب کی دفعہ شامل کی گئی ہے، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

August 5, 2026 · قومی

 کراچی: مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے پولیس کی جانب سے جمع کرایا گیا حتمی چالان منظور کر لیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں شامل قتل کی دفعہ کو تبدیل کرکے قتل بالسبب کی دفعہ شامل کی گئی ہے، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف بغدادی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعے کے دوران فٹ پاتھ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی، جس کی جیب سے ایک ڈبیا برآمد ہوئی، جس پر انمول پنکی کا نام درج تھا۔ لاش ملنے کے تقریباً ایک ماہ بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران کراچی یونیورسٹی کی کیمیکل رپورٹ حاصل کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ متوفی کی موت نشے کے باعث ہوئی۔ اسی رپورٹ کی بنیاد پر قتل کی دفعہ ختم کرتے ہوئے مقدمے کی نوعیت تبدیل کر دی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک متوفی کی شناخت بھی نہیں ہو سکی، جبکہ دستیاب شواہد کے مطابق جان بوجھ کر قتل ثابت نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق قتل بالسبب کے مقدمے میں سزا کی نوعیت مختلف ہوتی ہے اور قانون کے مطابق اس میں قید کے بجائے دیت کی ادائیگی کی شق لاگو ہو سکتی ہے۔ کیس کی مزید قانونی کارروائی متعلقہ عدالت میں جاری رہے گی۔