پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج پر کراچی پریس کلب کے اطراف سڑکیں بند
ٹریفک کو ایم آر کیانی چورنگی سے تھانہ گلی کی جانب موڑا جا رہا ہے، جبکہ فوارہ چوک سے آنے والی گاڑیوں کو ایوان صدر روڈ اور زینب مارکیٹ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر کراچی پریس کلب اور اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعدد سڑکیں عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سڑکوں کی بندش کے باعث شہر کے مختلف اطراف میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے، تاہم شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو ایم آر کیانی چورنگی سے تھانہ گلی کی جانب موڑا جا رہا ہے، جبکہ فوارہ چوک سے آنے والی گاڑیوں کو ایوان صدر روڈ اور زینب مارکیٹ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔
اسی طرح کوسٹ گارڈ کے مقام سے ٹریفک کو پاسپورٹ آفس والی گلی کے ذریعے متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ آمدورفت متاثر نہ ہو۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، روانگی سے قبل ٹریفک کی صورتحال معلوم کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔