ماہرینِ علم نجوم نے اگست و ستمبر کو حساس قرار دیدیا

برطانوی ماہر کی ٹرمپ سمیت دیگر امریکی شخصیات پر حملے اور ایران سے دوبارہ تصادم کی پیشگوئی

August 5, 2026 · امت خاص
فائل فوٹو

فائل فوٹو

میگزین رپورٹ :
ماہرینِ علم نجوم نے اگست اور ستمبر کے مہینوں کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

عالمی نجومیوں کی جانب سے ان دو ماہ کے دوران قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کو لاحق خطرات، ایران کا امریکہ و اسرائیل سے دوبارہ تصادم، نیٹو اور روس کا آمنا سامنا ہونے کی پیش گوئیاں سامنے آئی ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق معروف برطانوی شخصیت کریگ ہیملٹن پارکر نے امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ سے متعلق ایک تشویش ناک پیشگوئی کی ہے۔

کریگ نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک خواب کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اہم امریکی عہدیدار ایک پینک روم (حفاظتی کمرے) میں افراتفری اور ایمرجنسی کی حالت میں محصور ہیں۔ ان کے بقول یہ منظر اگلے 6 سے 8 ہفتوں کے دوران کسی ناگہانی شدید بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔

کریگ ہیملٹن پارکر کا ماننا ہے کہ اگرچہ ان کا خواب علامتی بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم امریکی صدر اور ان سے وابستہ اعلیٰ شخصیات کے ستارے گردش پر آچکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ خطرہ ایران کی جانب سے امریکی سیاست دانوں پر نئے حملوں کی شکل میں سامنے آ سکتا ہے۔

ان کا خیال ہے کہ اگرچہ ڈونالڈ ٹرمپ خود اس ممکنہ حملے سے بچ نکلیں گے۔ لیکن امکان ہے کہ ٹرمپ خاندان کے کسی فرد یا انتظامیہ کے کسی اہم اعلیٰ سیاست دان کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ہیملٹن کے مطابق اگست یا ستمبر کے مہینوں میں یہ حالات انتہائی نازک رخ اختیار کرسکتے ہیں۔

کریگ ہیملٹن پارکر نے برطانیہ کی شاہی بحریہ کیلئے بھی ایک تشویشناک رویت کا ذکر کیا۔ انہوں نے ایک بحری جہاز، ممکنہ طور پر ایک مائن سویپر کے سمندر میں ڈوبنے کے منظر کو بیان کرتے ہوئے برطانیہ کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بحری وسائل کی تعیناتی میں شدید احتیاط برتیں۔

اس کے علاوہ برازیلی روحانی معالج اتھوس سالومے نے رواں ماہ کے موقع پر عالمی کشیدگی سے متعلق ایک تشویشناک پیشگوئی کی ہے۔ جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ برف پگھلنے کا عمل تیز ہوتے ہی آرکٹک (قطب شمالی) میں روس اور نیٹو فورسز کے درمیان براہِ راست عسکری تصادم کے خدشات انتہائی شدید ہوجائیں گے۔

ان کے مطابق خطے میں سمندری راستے کھلنے اور توانائی کے وسائل کے حصول کیلئے دونوں طاقتیں اپنے جدید ترین میزائل سسٹمز اور فوجیں آمنے سامنے لا رہی ہیں۔ اتھوس سالومے نے ایران اور اسرائیل کے درمیان اگست اور ستمبر کے مہینوں میں براہِ راست اور شدّت پسندانہ عسکری ٹکراؤ کے شدید خدشات ظاہر کیے ہیں۔

سالومے کے مطابق اگست 2026ء میں اسد اور حوت کے برجوں میں رونما ہونے والے شمسی و قمری گرہنوں کی سیاروی حرکات مشرق وسطیٰ کی سیاست میں بڑا جغرافیائی و سیاسی زلزلہ لا سکتی ہیں۔ جس کا اثر ستمبر کے مہینے تک برقرار رہے گا۔ علم نجوم کی رو سے یہ سیزن خطے میں پرانے تنازعات کو دوبارہ بھڑکانے اور حساس دفاعی و جوہری تنصیبات پر حملوں یا خفیہ فوجی کارروائیوں کا سبب بن سکتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ماہر نجوم ڈاکٹر آچاریہ انل اگروالا کے تجزیوں کے مطابق اگست اور ستمبر 2026ء کے مہینے عالمی سطح پر شدید موسمی اور قدرتی آفات کی زد آسکتے ہیں۔ 12 اگست 2026ء کو برجِ اسد میں ہونے والا سورج گرہن کرہ ارض پر حرارت اور توانائی کے شدید دباؤ، جنگلاتی آگ اور خشک سالی کے خدشات کو جنم دے رہا ہے۔ جبکہ جولائی کے آخر اور اگست کے آغاز میں مشتری کے برجِ اسد میں داخلے نے اس آگ کے پھیلاؤ کے امکانات کو مزید تقویت دی ہے۔

28 اگست کو برجِ حوت میں رونما ہونے والا چاند گرہن آبی اور سمندری نظام میں شدّت اور تلاطم کا باعث بن سکتا ہے۔ اس چاند گرہن کے زیرِ اثر ستمبر کے دوران بالخصوص جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کے خطوں میں غیر معمولی اور طوفانی بارشوں، شدید سیلابی صورت حال اور سمندری طوفانوں کا شدید خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یورینس اور نیپچون کی مخصوص پوزیشنز کے باعث زمین کے اندرونی دباؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جس سے اگست اور ستمبر کے مہینوں میں مختلف خطوں میں زلزلے اور زمینی جھٹکے آنے کے امکانات بھی ہیں۔