وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے
دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے
وزیراعظم شہباز شریف آج دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم سفارتی ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں جاری پیش رفت، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی، امن کوششوں اور دیگر علاقائی و عالمی معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔
دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے اور باہمی روابط کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو کریں گے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشاورت کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔