محسن نقوی بھی بات کر کے پھنس گئے،فواد چوہدری کا طنزیہ ردعمل

اگر نظام "کولَپس" ہے تو پھر وزیر بھی رہنا ہے اور پانچ سال بھی پورے کرنے ہیں۔

August 6, 2026 · قومی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ملکی نظام سے متعلق بیان پر سیاسی ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے محسن نقوی کے مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان کے بعد صورتحال واضح نہیں رہی کہ اصل مؤقف کیا ہے۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ محسن نقوی بھی بات کر کے پھنس گئے ہیں، اب سمجھ نہیں آ رہا کہ مؤقف کیا ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اگر نظام “کولَپس” ہے تو پھر وزیر بھی رہنا ہے اور پانچ سال بھی پورے کرنے ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شہباز شریف اچھے ہیں لیکن اگر حکومت نہیں چل رہی تو صورتحال کی وضاحت ہونی چاہیے۔ انہوں نے رانا ثنااللہ اور خواجہ آصف کے حوالے سے بھی طنزیہ انداز اپناتے ہوئے حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھائے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی تنقید موجودہ حکومت پر نہیں بلکہ ملک کے پرانے انتظامی نظام کی خامیوں پر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنی آئینی مدت پوری کریں گے اور حکومت پانچ سال مکمل کرے گی۔

محسن نقوی نے یہ بھی تجویز دی تھی کہ وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہونا چاہیے تاکہ اداروں کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔

محسن نقوی کے نظام سے متعلق بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے، جہاں حکومت کے حامی اور مخالفین اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔