میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کا امتحان MDCAT 2026 مؤخر، نئی تاریخ کا اعلان

امتحان 20 ستمبر کو ہوگا، تاریخ میں تبدیلی وزیراعظم کی ہدایت پر کی گئی، پی ایم ڈی سی

August 6, 2026 · قومی

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ہونے والے انٹری ٹیسٹ (MDCAT 2026) کو مؤخر کرتے ہوئے امتحان کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ کونسل کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق اب یہ امتحان اتوار، 20 ستمبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق امتحان کی تاریخ میں یہ تبدیلی وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کی گئی ہے۔ تاریخ تبدیل کرنے کا مقصد ملک بھر میں امتحانی عمل کو انتہائی شفاف، محفوظ اور منظم بنانا ہے تاکہ طلبا کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سے قبل یہ امتحان 16 اگست کو شیڈول تھا۔

تاریخ کی تبدیلی کا اعلان پی ایم ڈی سی نے اپنی ویب سائٹ پر کیا ہے۔

پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ امتحان کے نصاب (Syllabus) اور دیگر قواعد و ضوابط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، طلبا موجودہ سلیبس کے مطابق ہی تیاری جاری رکھیں۔
:
امتحان صوبوں کی نامزد کردہ جامعات (جیسے UHS، KMU، وغیرہ) کے زیر انتظام ہی منعقد ہوگا۔

کونسل نے طلبا اور والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر تصدیق شدہ خبروں پر کان دھرنے کے بجائے صرف پی ایم ڈی سی کی آفیشل ویب سائٹ پر نظر رکھیں۔