حافظ نعیم الرحمن کی 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کی اپیل
جمعہ کی نماز کے بعد شام 4 بجے شہری سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کے طور پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر کے مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند کریں۔
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ جمعہ کی نماز کے بعد شام 4 بجے شہری سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کے طور پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر کے مہنگائی اور ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند کریں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور اشیائے خور و نوش پر مختلف ٹیکسوں نے عام شہری کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ عرصے میں روزمرہ استعمال کی متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کا بوجھ براہ راست عوام اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول پر عائد ٹیکس کا سب سے زیادہ اثر موٹر سائیکل سواروں، مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑ رہا ہے، جبکہ عوام کو مسلسل مہنگائی اور نئے ٹیکسوں کا سامنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں بڑی رقم وصول کی، جبکہ بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے بھی عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے بروقت احتجاج نہ کیا تو مستقبل میں مزید ٹیکس اور لیویز عائد کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے بقول مہنگائی اور معاشی دباؤ کے خلاف پرامن اور منظم احتجاج وقت کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کے بجائے ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کی جائیں جو مہنگائی میں کمی اور عام شہری کو ریلیف فراہم کرنے کا باعث بنیں۔