انسداد دہشت گردی عدالت نے مشتاق احمد کا مزید ریمانڈ منظور کر لیا

جج عبدالغفور نے کیس کی سماعت کی، جہاں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

August 6, 2026 · قومی

اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کشمیر سے متعلق احتجاج کے مقدمے میں سابق سینیٹر مشتاق احمد اور شریک ملزم دانیال کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ڈیوٹی جج عبدالغفور نے کیس کی سماعت کی، جہاں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش کے لیے ملزمان سے گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا باقی ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ پراسیکیوشن نے عدالت سے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور شریک ملزم کو مزید چار روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں کشمیر سے متعلق احتجاج کے سلسلے میں مقدمہ درج ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔