پشاور بورڈ کے میٹرک نتائج، 3 برس میں کامیابی کی شرح میں نمایاں کمی
2024 کے مقابلے میں کامیابی کی شرح میں 17.6 فیصد کمی ریکارڈ
فائل فوٹو
پشاور : خیبرپختونخوا میں تعلیمی معیار پر سوالات اٹھنے لگے، پشاور بورڈ کے میٹرک امتحانات کے نتائج میں گزشتہ تین برس کے دوران کامیابی کی شرح میں مسلسل نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں 86 ہزار 789 طلبہ نے میٹرک کا امتحان دیا، جن میں 76 ہزار 90 کامیاب اور 10 ہزار 688 طلبہ ناکام ہوئے، کامیابی کی مجموعی شرح 87.6 فیصد رہی۔
سال 2025 میں 91 ہزار 589 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے، جن میں 76 ہزار 484 کامیاب قرار پائے جبکہ کامیابی کی شرح کم ہو کر 83.5 فیصد رہ گئی۔
سال 2026 میں 95 ہزار 496 امیدواروں نے امتحان دیا، تاہم صرف 66 ہزار 988 طلبہ کامیاب ہوئے اور کامیابی کی مجموعی شرح مزید کم ہو کر 70.15 فیصد رہ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد کم ہے۔
2024 کے مقابلے میں تین برس کے دوران کامیابی کی شرح میں مجموعی طور پر 17.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک اور تشویشناک پہلو یہ سامنے آیا ہے کہ نویں جماعت کے امتحان میں 9 ہزار 294 طلبہ اسلامیات کے پرچے میں ناکام ہوئے۔
نتائج کے بعد عوام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے کامیابی کی شرح میں مسلسل کمی کی وجوہات کا جائزہ لینے اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔