پی آئی اے کا نجکاری کے بعد پہلے اجلاس میں ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ
ائیرلائن ملازمین کےلیےایک بنیادی تنخواہ کےمساوی بونس کی منظوری دےدی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے) کارپوریشن لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے 102 ویں اور نجکاری کے بعد پہلے اجلاس میں ائیرلائن ملازمین کےلیےایک بنیادی تنخواہ کےمساوی بونس کی منظوری دےدی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق بورڈ کا یہ اہم فیصلہ نئی انتظامیہ کی اس حکمت عملی کا عکاس ہے، جس کےتحت قومی ائیرلائن کی بحالی اورترقی کے لیےافرادی قوت کو بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بونس کا بنیادی مقصد ملازمین کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو سراہنا اور انہیں ائیرلائن کےنئے اہداف، پروازوں میں توسيع اور سروس کے معیار کی بہتری کے لیے تیار کرنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرزنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملازمین پی آئی اے کی بحالی کے عمل میں سب سے اہم ستون ہیں، پہلے ہی اجلاس میں ملازمین کی فلاح وبہبود اور ان کےاعتماد کی بحالی کے لیے یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ نئی انتظامیہ ایک بہترین، فعال اور عالمی معیارکی ائیرلائن بنانے کے لیے پراعتماد ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نئی انتظامیہ کی جانب سے ایک مثبت اور مضبوط شروعات کا مظہر ہے، جس سے ائیرلائن کے آپریشنز میں بہتری، بہترین کسٹمر سروس اور ادارے کو مستحکم بنانےکی راہ ہموار ہوگی۔