میر رضا علی کیس، قبر کشائی کل ہوگی، پرانا میڈیکل بورڈ بحال

محکمہ سندھ نے ڈاکٹر سمعیہ سید کی سربراہی میں پرانا 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

August 7, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کی لاش ملنے اور موت کا تعین کرنے کیلیے سندھ حکومت کے محکمہ صحت نے پرانے میڈیکل بورڈ دوبارہ بحال کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا جبکہ قبر کشائی کل 11 بجے ہوگی۔

محکمہ سندھ نے ڈاکٹر سمعیہ سید کی سربراہی میں پرانا 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بورڈ میں ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نسیم پتھالوجسٹ کے طور پر فرائض انجام دیں گے جبکہ ڈاکٹر فرخ بورڈ میں بطور فرانزک ایکسپرٹ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سی پی ایل سی آفیسر عامر بطور فرانزک آئیڈنٹیفکیشن ایکسپرٹ، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر سری چند اور ڈاکٹر دانیال بھی میڈیکل بورڈ میں شامل ہیں۔

اس سے قبل نوجوان میر رضا علی کی قبر کشائی آج ہونا تھی جو موخر کردی گئی، میڈیکل بورڈ کے ارکان تبدیل کرنے پر میر رضا کے والد میر حسین نے شدید تحفظات  کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک پرانا میڈیکل بورڈ بحال نہیں کیا جاتا، قبر کشائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

میر حسین کے وکیل جبران ناصر نے بھی نئے میڈیکل بورڈ کو مسترد کرتے ہوئے  پولیس اور سیکریٹری صحت کو نوٹس بھیجا تھا۔